جونپور، 6 /مارچ(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)اتر پردیش کے وزیر اعلی اور ایس پی صدر اکھلیش یادو نے آج وزیر اعظم نریندر مودی پر نشانہ سادھتے ہوئے کہا کہ مودی نے بجلی کو بھی ہندو مسلمان بنا دیا اور اگر ان کا دہلی میں من نہیں لگ رہا ہو تو وہ ان سے عہدے کا تبادلہ کر لیں۔اکھلیش نے یہاں ایس پی -کانگریس اتحاد کے امیدواروں کی حمایت میں منعقد ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے وزیر اعظم تو کمال کے ہیں، انہوں نے بجلی کو بھی ہندو مسلمان بنا دیا، ہم پر الزام لگایا کہ ہم رمضان میں زیادہ اور دیوالی، ہولی پر کم بجلی دیتے ہیں، ہم نے اعداد و شمار دے دئیے ہیں، جن سے پتہ لگ گیا کہ ہم نے بجلی دینے میں کوئی امتیازی سلوک نہیں کیا۔وزیر اعلی نے کہا کہ وزیر اعظم کہتے ہیں کہ کاشی میں وہ بجلی پہنچاتے ہیں،ہم تو کہتے ہیں کہ کاشی میں بجلی سماج وادی لوگ ہی دیتے ہیں، آپ کبھی بجلی نہیں پہنچاتے، اور نہ ہی یہ آپ کے اختیار میں ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے گزشتہ دنوں جونپور آکر فوج کی بات چھیڑتے ہوئے ون رینک ون پنشن کی بات کی، اس میں بھی انہوں نے دھوکہ دیا ہے، آپ (مرکز)نے سرجیکل اسٹرائیک کے بہانے ہماری فوج کو سرحد پر لڑوا دیا،ابھی بھی مسئلہ کا حل نہیں ہواہے، بتاؤ کشمیر کی حالت کیا ہے،ایسے لوگوں سے بچ کر رہئے، جو دھوکہ دیتے ہوں اور وقت آنے پر چیزیں بدل دیتے ہوں،ایسے کمال کے وزیر اعظم کو ہم نے پہلے کبھی نہیں دیکھا۔اکھلیش نے کہا کہ وزیر اعظم کا دہلی میں دل کم لگ رہا ہے اور یوپی میں زیادہ لگ رہا ہے، ہم نے کہا کہ اگر دہلی میں دل نہ لگ رہا ہو تو ہم سے کرسی کا تبادلہ کرلیں۔انہوں نے کہا کہ جونپور کے لوگوں کو بنارس کی ہوا کے رخ کا اندازہ لگ گیا ہو گا، وہاں جو ایس پی -کانگریس کا روڈ شو ہواتھا، اس میں جس طرح کی عوامی حمایت ملی تھی، اسے دیکھ کر ہم کہہ سکتے ہیں کہ بنارس کی عوام بھی سماج وادیوں کی مدد کرنے جا رہی ہے۔